کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گرمی میں اضافہ، بجلی لوڈشیڈنگ جاری

278

بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف زمینداروں نے بلوچستان بھر میں احتجاج کی دھمکی دے دی۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث زمینداروں اور عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، زمینداروں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف قومی شاہرائیں بند کرنے کی دھمکی دے دی جبکہ ہرنائی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف کوئٹہ پنجاب شاہراہ بلاک کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے جنوبی اضلاع خضدار، گوادر، تربت، آواران، پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت 14،کوئٹہ میں 22، خضدار میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 28،جیونی میں 27،پنجگور میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ، پسنی اور سبی میں 29،تربت میں 25،ژوب میں 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان بھر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم رہے گا۔

دریں اثناء بلوچستان کے زمینداروں نے طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے آئندہ چند دنوں میں صوبہ کی تمام قومی شاہراؤں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔