پسنی: بجلی کی طویل بندش، لوگ سڑکوں پر نکل آئے

114

پسنی گرڈاسٹیشن کے بریکر میں فنی خرابی آگئی، پسنی سٹی فیڈرون کی بجلی بیس گھنٹے بعد بھی بحال نہ ہوسکی، حبس اور گرمی سے شہری مفلوج ہوگئے، بریکرکی مرمت کے لیے ٹیم کوئٹہ سے پسنی کے لیے روانہ، بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف بی این پی (عوامی) کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پسنی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر گوادر کی نا اہلی سے ضلع گوادرمسائل کا شکار ہورہا ہے فوری طورپر تبادلہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق کیسکو ذرائع کے مطابق پسنی گرڈاسٹیشن کے مین بریکر میں فنی خرابی آنے کے باعث پسنی سٹی فیڈرون میں بجلی فراہمی معطل ہوگئی، پیرکی شام سے لیکر منگل کی رات تک بجلی بحال نہ ہوسکی، بیس گھنٹے کی طویل بریک ڈاؤن سے شہری مفلوج ہوگئے، حبس اور گرمی کے باعث بہت سے لوگوں کی بے ہوشی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہے۔

کیسکوذرائع کے مطابق بریکر کی مرمت کے لیے ٹیم کوئٹہ سے نکل چکی ہے اور بدھ کو پسنی پہنچ کر بریکر کی مرمت کا کام شروع کریگی دوسری جانب بی این پی (عوامی) پسنی کی جانب سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیاگیا موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی اور پسنی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڑاُٹھارکھے تھے جس پر کیسکو افسران کی نااہلی کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی سے بی این پی (عوامی) کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری سعید فیض ایڈوکیٹ اور اکرم اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسنی سمیت ضلع گوادرمیں ایک ٹولہ نے علاقوں کو مسائل کا گڑھ بنادیا ہے بجلی نہیں ہونے کی وجہ سے تعلیمی ادارے،ہسپتال،عدالت،معیشت گھر سب متاثر ہیں لیکن بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے بجائے اس میں روزبہ روزبدتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پورا مکران تعلیمی کے حوالے سے پیچھے چلا گیا ہے جس کو ہم ایک سازش سمجھتے ہیں۔ ایم این اے اسلام آباد اور ایم پی اے لندن اور مسقط میں بیٹھ کر عوامی مسائل سے غافل ہوچکے ہیں عوام باربار انہی کرپٹ نمائندوں کو منتخب کرکے خود کو مزید عذاب میں ڈال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع گوادرپر ایک نام نہاداور نااہل شخص کو ڈپٹی کمشنر تعینات کیاگیا ہے جو کسی کی بات نہیں سنتا اور ڈپٹی کمشنر گوادر صرف ایک مخصوص ٹولے کا ترجمان بنی ہوئی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے بجائے چمچہ گری میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پریشان حال ہے لیکن عوامی نمائندے عیش وعشرت کی زندگی گزاررہے ہیں۔ نااہل ڈپٹی کمشنر گوادر کا فوری طورپر تبادلہ کیاجائے بصورت دیگر بی این پی (عوامی) عوام کے ساتھ مل کر سخت احتجاج کا راستہ اپنائے گی۔