لیڈز: ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لیڈز میں کھیلے جارہے کرکٹ ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 227 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے فخرزمان اننگز کی دوسری ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم بابراعظم اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔
امام الحق محمد نبی کو آگے بڑھ کر کھیلنے کے چکر میں وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور محمد نبی نے اگلے ہی اوور میں بابر اعظم کو بھی 45 رنز پر بولڈ کردیا جب کہ آؤٹ آف فام محمد حفیظ ایک بار پھر ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر چلتے بنے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 142 رنز پر حارث سہیل کی صورت میں گری جو 27 رنز بنا کر ایلبی ڈبلیو ہو گئے جب کہ کپتان سرفراز احمد 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل افغان ٹیم کے کپتان گل بدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو گل بدین نائب اور رحمت شاہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے پانچویں اوور میں گل بدین کو 15 رنز پر پویلین بھیج دیا اور اگلی ہی گیند پر ہشمت اللہ شہیدی کو بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔
رحمت شاہ اور اصغر افغان نے پاکستانی بولرز کو خوب پریشان کیا، رحمت 43 گیندوں پر 35 اور اصغر افغان 35 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام اللہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، محمد نبی صرف 16 رنز ہی بناسکے اور راشد خان 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 ، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے وقت بات کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے لیکن ٹاس کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا تاہم ہماری بولنگ لائن اچھی ہے اور ہم افغانستان کو کم سے کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے جب کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
افغانستان ٹیم کے کپتان گل بدین نائب نے کہا کہ اچھا ٹوٹل بناکر پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے اور پاکستان کو ہرانے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔