ورلڈکپ: محمد شامی کی ہیٹ ٹرک، افغانستان 225 کا ہدف حاصل نہ کرسکا

72

ساؤتھمپٹن: فاسٹ بولر محمد شامی کی آخری اوور میں شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت بھارت نے افغانستان کو 11 رنز سے شکست دے دی۔

یہ رواں ورلڈکپ میں کسی بھی بولر کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ افغانستان کو آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے جبکہ اس کے 3 کھلاڑی باقی تھے تاہم محمد شامی نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔

بھارت نے ورلڈکپ میں اپنے پانچویں میچ میں افغانستان کو جیت کے لیے 225 رنز کا ہدف دیا۔

ساؤتھمپٹن کے روز بول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر درست ثابت نہ ہوا اور اس نے سنہ 2010 کے بعد پہلی اننگز میں 50 اوورز میں اپنا کم ترین اسکور بنایا۔

افغانستان کے بولرز نے اننگز کے شروع سے ہی بھارتی بیٹسمینوں کو جھکڑ کر رکھا اور وقتاً فوقتاً وکٹیں لیتے رہے۔

اگرچہ بھارت کو دوسری، تیسری اور پانچویں وکٹ نے 50 رنز سے زائد کی شراکتیں فراہم کیں مگر اس دوران رن ریٹ نہ بڑھ سکا۔ کپتان ویرات کوہلی 63 گیندوں پر 67 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کلدیب جادیو نے 68 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔

افغانستان نے 50 اوورز مکمل کرنے کے لیے چھ بولر آزمائے اور تمام وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ محمد نبی اور گلبدین نائب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مجیب الرحمٰن، آفتاب عالم، راشد خان اور رحمت شاہ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

ٹورنامنٹ میں افغانستان کی ٹیم اب تک پانچ میچز کھیل چکی ہے اور تمام میں اسے ناکامی ہوئی جب کہ بھارت نے اب تک چار میچز کھیلے ہیں جن میں سے تین میں اسے کامیابی حاصل ہوئی اور ایک بارش کی نذر ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے بھارت چوتھے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان سب سے آخر یعنی دسویں نمبر پر ہے۔