واشک: ٹڈی دَل کا حملہ، زمینداروں کو کروڑوں کا نقصان

512
فوٹو: پسنی میں ٹڈی دَل کا حملہ

محکمہ پلانٹ پروٹیکشن، محکمہ زراعت اور حکومت بلوچستان فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے واشک ضلع کے متاثرہ علاقوں میں ٹڈی کش اسپرے مہم کا آغاز جلد کروا کر زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ کریں – زمیندار ایکشن کمیٹی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق بلوچستان مختلف اضلاع کے بعد ضلع واشک میں بھی ٹڈی دَل کے حملے کی زد میں ہے جس کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

زمیندار ایکشن کمیٹی واشک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گذشتہ ایک مہینے سے واشک کے مختلف علاقوں رزک، مگ، شمسی، بوڈکو ،زیارت اور گردونواح کے دوسرے علاقوں میں ٹڈیوں کے فصلات پر شدید حملے سے واشک کے زمینداروں کو کروڑوں کے نقصانات کا سامنا ہے، زمینداروں کے فصلات تباہ ہورہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ٹڈیوں کے یلغار کے سامنے زمیندار بے بس ہیں اب ٹڈیوں کا لشکر رخشان ناگ، گورگی، باغ سوپک کے علاقوں کا رخ کررہا ہے۔

زمیندار ایکشن کمیٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ واشک میں ایف اے او نامی این جی او صرف کرپشن میں لگا ہوا ہے، لگتا ہے کہ فصلوں کی طرح ٹڈیوں نے ایف اے او کو بھی نہیں بخشا ہے۔ واشک کے زمیندار بے یار مددگار ہیں محکمہ پلانٹ پروٹیکشن، محکمہ زراعت اور حکومت بلوچستان فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے ضلع واشک کے متاثرہ علاقوں میں ٹڈی کش اسپرے مہم کا آغاز جلد کرواکر زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ کریں۔

زمیندار ایکشن کمیٹی نے عندیہ دیا ہے کہ اگر اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو زمیندار ایکشن کمیٹی واشک اور عوام سی پیک روڈ بند کرکے شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پلانٹ پروٹیکشن اور محکمہ زراعت واشک پر عائد ہوگی۔

یاد رہے گذشتہ دنوں ضلع چاغی کے علاقے دالبندین اور ضلع نوشکی میں ٹڈی دَل کے حملوں سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کی خبریں موصول ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل گوادر کے علاقے پسنی سمیت مکران کے دیگر اضلاع میں زمینداروں اور دیگر افراد کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

عوامی حلقوں کی جانب سے حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ صورتحال کو قابو کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔