نوشکی: ٹریفک حادثے میں 13 افراد زخمی

156

بلوچستان میں ٹریفک حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ نوشکی کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آر سی ڈی شاہراہ این 40سلطان پاس چڑھائی پر بریک فیل ہونے کی وجہ سے مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں متعددمسافر زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق النذیر کوچ کوئٹہ سے نوشکی آرہی تھی کہ سلطان چڑھائی سے اترتے وقت کوچ کے بریک فیل ہوگئے ڈرائیور نے کوچ پہاڑ کے ساتھ ٹکراکر روکنے کی کوشش کی جس کے بعد مسافر کوچ الٹ گئی اور کوچ میں سوار 13مسافر شدید زخمی ہوئے۔

حادثے میں زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال نوشکی پہنچادیا گیا جہاں ایم ایس ڈاکٹر ظفر مینگل کے زیر نگرانی سول ہسپتال میں تمام مریضوں کو ابتداہی طبعی امداد دی گئی۔ سول ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہیں۔

واضع رہے کہ ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے چند دن قبل اسی مقام پر مسافر کوچ ٹرک گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس میں سوار 20 کے قریب مسافر زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے آج ہی کے روز خضدار کے علاقے پیر عمر کے قریب ٹرک اور پک اپ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق جبکہ سات افراد زخمی ہوئیں۔

بلوچستان میں ٹریفک حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں، مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں روزانہ کئی افراد اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں اور کئی افراد زخمی ہوتے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں صحت کے مراکز اور سہولیات کے عدم دستیابی کے باعث حادثات میں زخمی افراد کو بڑے شہروں کو منتقل کیا جاتا ہے جن میں سے متعدد افراد راستے میں ہی دم تھوڑتے ہیں۔

ان ٹریفک حادثات کی اہم وجہ شاہراہوں کی خستہ حالی کو قرار دیا جاتا ہے جبکہ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کی جانب سے تیز رفتاری اور ٹریفک کے دیگر قوانین پر عمل درآمد نہ کرنا بھی ان وجوہات میں شامل ہے۔