نصیر آباد/ڈیرہ مراد جمالی: فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد قتل

289

نصیر آباد میں غیرت کے نام پر خاتون کو قتل کرنے کے بعد ملزم فرار

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے نصیرآباد اور ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ کے واقعات کے میں خاتون سمیت دو افراد قتل اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نصیرآباد کی تحصیل تمبو میں پولیس تھانہ خان کوٹ کی حدود گوٹھ عرض محمد میں غیرت کے نام پرچچا نے فائرنگ کرکے اپنی بھتیجی نسیمہ بی بی کو قتل کردیا جبکہ اس کا مبینہ آشنا محمد مراد شدید زخمی ہوگیا ، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر خان کوٹ پولیس جائے وقوعہ پہ پہنچ گئی لاش اور زخمی کو ڈیرہ مراد جمالی ہسپتال پہنچا دیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کرکے پولیس نے مزید کاروائی شروع کردی ہے۔

  یاد رہے ضلع نصیر آباد میں غیرت کے نام متعدد افراد قتل کیے جاچکے ہیں جن میں اکثریت خواتین کی ہے جبکہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ کاروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔

دریں اثنا سٹی پولیس کے مطابق ڈیرہ مرادجمالی کے سولنگی محلہ میں پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان جان محمد سولنگی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

 اطلاع ملنے پر سٹی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر سیول ہسپتال پہنچادیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کرکے مزید کاروائی شروع کردی ہے۔