اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر صادق سنجرانی نے سابق صدر آصف زرداری سے مدد مانگ لی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قومی اسمبلی میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے چیمبر میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں صادق سنجرانی نے غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی اور اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد پر آصف زرداری سے مدد مانگی ہے۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی نے ملاقات میں کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ آئینی ہے جب کہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی ان کے خلاف دیگر جماعتوں کا ساتھ نہیں دے گی۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے ان کی خیریت دریافت کرنے گیا تھا اور کوئی بات نہیں ہوئی۔
صحافی نے ان سے سوال کیا کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی ممکنہ تحریک پر پریشان ہیں؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ بالکل پریشان نہیں ہوں، ایسی کوئی بات نہیں، مجھے پتہ چلا آصف زرداری بیمار ہیں، ان کی خیریت دریافت کرنے آیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جب آل پارٹیز کانفرنس ہوگی تو دیکھا جائے گا۔
اِدھر پی پی کے صدر آصف زرداری کا صادق سنجرانی کا اپنا توازن برقرار رکھنے کے سوال پر کہنا تھا کہ یہ سیاست کی باتیں ہیں، سیاسی لوگوں سے پوچھو، ہمیں کیا پتا؟
چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئے گی توآپ کو بتا کرآئے گی۔
یاد رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے 26 جون کو آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی ہے جس کے ایجنڈے میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی شامل ہے۔
گزشتہ دنوں سابق صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی پر بلاول بھٹو اسٹینڈ لیں گے، بلاول کی اپنی سوچ ہے اور جیسے بلاول کہیں گے ویسا ہوگا۔