مظلوم اقوام کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا چاہیے – براہمدغ بگٹی

295

دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا رپورٹر کے مطابق بلوچ ریپبلکن پارٹی کے سربراہ اور آزادی پسند رہنما نواب براہمدغ بگٹی نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ٹویٹر پر مظلوم اقوام سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مظلوم اقوام کو متحد و یک مشت ہوکر ظالم اور جابروں کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیے۔

انہوں نے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جبری گمشدگی ایک ایسا جرم ہے جس کے نتیجے میں نا صرف گمشدہ ہونے والا شخص بلکہ اس کا پورا خاندان مستقل تکلیف میں رہتا ہے، ایسے جرائم کو ہر حال میں روکنا ہے۔

واضح رہے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جبری طور پر کئی سالوں سے لاپتہ ہے وہی خواتین و بچوں کے گمشدگیوں کے کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج کرنے والی لواحقین کی تنظیم “وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز” کے مطابق اس بات کے کھلے ثبوت و شواہد موجود ہیں کہ لوگوں کو لاپتہ کرنے میں پاکستانی خفیہ ادارے ملوث ہیں۔

براہمدغ بگٹی نے اپنا پیغام ایسے موقع پر جاری کیا ہے کہ ان دنوں ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن اور بلوچ ریپبلکن پارٹی پاکستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف لندن میں مہم چلا رہے ہیں اور یہ مہم اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جبکہ آج بلوچ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سمیت دیگر اقوام کی جانب سے ٹویٹر پر جبری گمشدگیوں کے خلاف مہم کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے۔