لندن: جبری گمشدگیوں کیخلاف بلوچ جماعتوں کی آگاہی مہم

242

مہم لندن میں آنے والے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے اور ان کی توجہ بلوچستان میں جاری مظالم کی جانب مرکوز کرنے کے لئے چلایا جارہا ہے- بہاول مینگل

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق برطانیہ کے شہر لندن میں بلوچ سیاسی جماعتوں ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن اور بلوچ ریپبلکن پارٹی کی جانب سے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔

آگاہی مہم کے تحت گذشتہ روز لندن کے سڑکوں پر سائیکل بردار پوسٹر مہم کے ذریعے پاکستان میں جبری گمشدگیوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی جبکہ ساتھ ہی اس حوالے سے لوگوں میں آگاہی کارڈ بانٹے گئے۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ایک خطرناک صورتحال اختیار کرچکا ہے، گذشتہ دو دہائیوں سے جاری جبری گمشدگیوں کے واقعات میں اضاٖہ ہورہا ہے۔

بلوچ انسانی حقوق کے تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ لاپتہ کیئے جاچکے ہیں اور لاپتہ ہونے والوں میں خواتین و بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سی پیک پراجیکٹ کے آغاز کیساتھ بلوچ قوم کے نسل کشی اور جبری گمشدگیوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، سی پیک روٹ پر گھروں کو مسمار کرکے مکینوں کو علاقہ بدر کرنے کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو اٹھا کر لاپتہ کیا گیا ہے۔

بلوچستان سے جبری گمشدگیوں کا شروع ہونے والا یہ سلسلہ اب بڑی تیزی سے سندھ اور خیبرپختوانخواہ میں پھیل رہا ہے۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے بلاگر، صحافی اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ بھی اس کے زد میں آچکے ہیں، ایسے بہت سے بلاگر اور صحافی ریاستی اداروں کے ہاتھوں اغوا اور تشدد کے بعد اب جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن اور بلوچ ریپبلکن پارٹی اس اہم انسانی مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے لندن میں مہم چلارہے ہیں اس حوالے سے انہوں نے دیگر اقوام خصوصا سوشل میڈیا ایکٹوسٹوں، بلاگروں اور صحافیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمارے اس مہم کا حصہ بن کر دنیا کو اصل حقائق سے آگاہ کریں تاکہ جبری گمشدگیوں کی اس غیر انسانی عمل کو روکنے کے لئے عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی اداروں کو کوئی ٹھوس اقدام اٹھانے پر مجبور کیا جاسکے۔

ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن کے نمائندے میر بہاول مینگل نے کہا ہے کہ یہ مہم لندن میں آنے والے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے اور ان کی توجہ بلوچستان میں جاری مظالم کی جانب مرکوز کرنے کے لئے چلایا جارہا ہے تاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پر دباو ڈال کر جبری گمشدگیوں کا یہ سلسلہ ختم کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔

یاد رہے اس سے قبل بھی ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن کی جانب سے لندن، سوئزرلینڈ اور نیویارک میں آگاہی چلائے جاچکے ہیں۔