شہید حمید و بابا مری کی لازوال جدوجہد مشعل راہ ہے – بی ایس او آزاد

257

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے شہید حمید بلوچ اور بزرگ بلوچ قومی رہنما بابا خیر بخش مری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید حمید بلوچ و بابا خیر بخش مری کی انقلابی نظریات و عملی جدوجہد کی وجہ سے نوجوان جوق در جوق ان کے قافلے کے مسافر بنتے جارہے ہیں۔ انہوں نے بلوچ قومی تحریک میں قربانی کی جو داغ بیل ڈالی نوجوان نسل انہی نظریات پر عمل پیرا ہو کر اپنی قومی جدوجہد میں محو سفر ہیں۔

بابا خیر بخش مری جدید بلوچ نیشنلزم کی فکری علامت تھے جنہوں نے مشکلات و مصائب کا مقابلہ خندہ پیشانی سے کیا۔ نوجوانوں کی شعوری و فکری آبیاری کے لئے حق توار اسٹڈی سرکل کی بنیاد رکھی اور نوجوانوں کو مزاحمتی سیاست کی جانب راغب کرنے میں بابا مری کا خاصا اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ درسگاہ آزادی اپنے اصولوں کے پکے انسان تھے کتنی ہی مشکلات ہی کیوں نہ آئی ہو لیکن آپ نے کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی ریاست کے مظالم کے آگے سر جھکانا گوارا کیا بلکہ قومی مقاصد کے حصول کے لئے اپنی زندگی کے آخری ایام تک اپنے اصولوں پر ڈٹے رہے۔

ترجمان نے شہید حمید بلوچ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حمید بلوچ بلوچ نوجوانوں کے لئے ایک آئیڈیل کی حیثیت رکھتے ہیں جنہوں نے قومی بقا و تحفظ کے لئے خوشی خوشی پھانسی گھاٹ قبول کرکے خود کو بلوچ قومی تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر کردیا۔ شہید حمید کی قربانی کا محور آزاد بلوچ قومی ریاست کا حصول تھا۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ بابا خیر بخش مری اور شہید حمید بلوچ جیسی انقلابی ہستیاں صدیوں میں جنم لیتی ہیں جو اپنے انقلابی نظریات سے پورے سماج کو معطر کئے ہوئے ہیں جن کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت نوجوان نسل بلوچ قومی جدوجہد آزادی میں صف اؤل کا کردار ادا کررہے ہیں۔