سری لنکا نے افغانستان کو شکست دیکر ورلڈکپ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی

101

کارڈف: کرکٹ ورلڈکپ کے ساتویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 34 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ 

کارڈف میں کھیلے گئے افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ ولڈکپ کا ساتوں میچ بارش کے باعث 41 اوورز تک محدود کردیا گیا تاہم سری لنکا کی پوری ٹیم 37ویں اوور میں 201 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا کی طرح افغانستان کی بیٹنگ لائن بھی مشکلات کا شکار رہی، افغانستان کی جانب سے محمد شہزاد اور حضرت اللہ زازائی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شہزاد 7 رنز پر ہی ملنگا کا شکار بن گئے، رحمت شاہ 2، ہشمت اللہ شہیدی 4، محمد نبی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے باز زازئی کی ہمت بھی 30 رنز پر جواب دے گئی، کپتان گل بدین نائب کی اننگز بھی 23 رنز تک محدود رہی، راشد خان 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ نجیب اللہ زردان کے 43 رنز بھی ٹیم کو فتحیاب نہ کرواسکے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ نے 4 اور لیستھ ملنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل افغانستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کوشل پریرا اور کرونا رتھنے نے کیا، دونوں اوپنرز نے 92 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد کرونا رتھنے محمد نبی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی سری لنکن کھلاڑی کو زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہنے دیا، ون ڈاؤن آنے والے تھریمانے نے 25 رنز بنائے جب کہ مینڈس 2، انجیلو میتھیوز اور ڈیسلوا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، تھیسارا پریرا نے بھی صرف 2 رنز بنائے اور وہ رن آؤٹ ہوگئے۔

اسیرو اڈانا بھی 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور اوپننگ بلے باز کوشل پریرا کی ہمت بھی 78 رنز پر جواب دے گئی، ان کی اننگز مین 8 چوکے شامل تھے اور وہ راشد خان کا شکار بنے۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 4، دولت زردان، حامد حسن اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔