حب: ٹریفک حادثے میں 6 افراد جانبحق

251

رواں مہینے میں ٹریفک حادثات میں دس سے زائد افراد جانبحق اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے حب میں خوفناک ٹریفک حادثے میں چھ افراد جانبحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق وندر میں قومی شاہراہ پر سرتاج بابا کے قریب ٹرک اور منی بس میں تصادم کے نتیجے میں چھ افراد جانبحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہے۔

مذکورہ افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے آر ایچ سی وندر منتقل کیا گیا۔

یاد رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تواتر کے ساتھ ٹریفک حادثات رونما ہورہے ہیں۔ رواں مہینے کے پہلے ہفتے میں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں دس سے زائد افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ سنگل روڈ ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ دوسری جانب ڈرائیوروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہیں کرتے ہیں۔