تمپ سے فورسز نے بلوچی زبان کے شاعر کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ہے۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے فورسز نے ایک شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیچ کے علاقے تمپ نظر آباد سے آج علی الصبح فورسز نے بلوچی زبان کے شاعر اور اسکول استاد کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ہے۔
فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے شخص کی شناخت خالق گل کے نام سے ہوئی ہے۔
بلوچستان سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جہدو جہد کرنے والے انسانی حقوق کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ کے مطابق بلوچستان میں جبری گمشدگیوں میں اکثر اوقات بلوچی زبان کے شاعر، اسکول اساتذہ، ڈاکٹروں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی لاپتہ کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی مند اور گوادر سے فروسز نے امجد اور عظیم نامی دو بلوچ شاعروں کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ہے جو اب تک منظرے عام پر نہیں آسکے ہیں۔
اسی طرح بلوچی زبان کے نامور شاعر اور قلمکار نظر دوست کو تربت میں واقع ان کے گھر سے فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے اس وقت حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب وہ مسقط سے چھٹیاں منانے آئے ہوئے تھے۔