بولان میں زمینی و فضائی آپریشن دوسرے روز بھی جاری

183
فائل فوٹو

گذشتہ روز سے جاری آپریشن میں تین افراد کے فورسز کے  ہاتھوں قتل کے علاوہ متعدد کی گرفتاری کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بولان و ہرنائی کے مختلف علاقوں میں  پاکستانی فورسز کی زمینی و فضائی آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

بولان و ہرنائی کے آس پاس کے علاقوں  مارگٹ، بزگر ،چھلڑی، سارو سانگان، جھالڑی کے علاوہ  ہرنائی، شہرگ، یخو لاکی، لکڑ ،غربک میں جنگی ہیلی کاپٹروں نے متعدد مقامات پہ  اندھا دھند شیلنگ بھی کی ہے ۔

علاقائی زرائع نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا کہ زمینی فورسز نے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے جس کے سبب آپریشن میں جانی و مالی نقصانات کے بارے معلومات  حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز دوران آپریشن متعدد لوگوں کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا گیا تھا جبکہ تین افراد کو فورسز کی جانب سے قتل کرنے کی اطلاع موصول ہوئی تاہم قتل کئے گئے افراد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔

فورسز کے ہاتھوں قتل ہونے والے تینوں افراد کے متعلق خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پہلے سے قید افراد کو قلی کیمپوں  سے نکال کر آپریشن میں قتل کرکے انھیں مسلح مزاحمت کار ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بولان کے چند مقامات سے موصول ہونے اطلاع کے مطابق مسلح افراد اور فورسز کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ہے تاہم جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہے۔