بنگلادیش نے بڑا ہدف عبور کرکے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

172

ٹاؤنٹن : ورلڈکپ کے 23 ویں میچ میں بنگلادیش نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ویسٹ انڈیز کا 322 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف بنگال ٹائیگرز نے 42 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان باآسانی حاصل کیا۔

ٹاؤنٹن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز پر ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل صفر پر پویلین لوٹ گئے لیکن ان کے بعد آنے والے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 122 رنز پر گری جب لیوس 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد شائے ہوپ اور ہیٹمیر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم شائے ہوپ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے، شائے ہوپ 96، لیوس 70 اور ہیٹمیر 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین، مستفیض الرحمان نے 3، 3 جب کہ شکیب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کے 322 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کی جانب سے اننگز کا آغاز سومیہ سرکار اور تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور 52 رنز کی شراکت قائم کی تاہم سومیہ سرکار 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد آنے والے آل راؤنڈر شکیب الحسن اور تمیم اقبال نے جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن 121 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 48 رنز بناکر پویلین لوٹے، مشفیق الرحیم ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد پانچویں نمبر پر آنے والے لٹن داس نے بھی شکیب الحسن کے ساتھ مل کر جارحانہ کھیل پیش، دونوں بلے بازوں نے گراؤنڈ میں چاروں طرف اسٹروک کھیلے اور 189 رنز کی پارٹنر شپ بناکر ٹیم کو کامیابی دلائی۔

شکیب الحسن اور لٹن داس کے جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بنگال ٹائیگرز نے 42 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 322 کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کیا۔

شکیب الحسن نے 99 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے 124 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ لٹن داس بھی 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس جیت کے بعد بنگلادیش ٹورنامنٹ میں دوسری بار سب سے بڑا ہدف عبور کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔