بلوچستان اسمبلی : حزب اختلاف کا بجٹ واپس لینے کا مطالبہ

546

بلوچستان اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث جاری ہے، حزب اختلاف نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیکر واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر بابر موسیٰ خیل کی صدارت میں شروع ہوا تو صحافیوں نے نجی چینل کے کوئٹہ بیورو کی بندش کیخلاف احتجاجاً ایوان کی کارروائی سے واک آوٹ کیا اور اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ نجی ٹی وی چینل کے مالکان کی جانب سے صحافیوں کا معاشی قتل عام قابل مذمت ہے، جس کی روک تھام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنا کردار ادا کریں، اسمبلی اراکین کے وفد کی یقین دہانی پر صحافیوں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔

بجٹ پر بحث کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں حزب اختلاف کو نظر انداز کرکے حکومتی حلقوں کو نوازا گیا، اپوزیشن کے حلقوں کو بھی صحت، تعلیم ، پانی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے، حکومت کی ترقیاتی بجٹ کی غیر منصفانہ تقسیم سے صوبے کے عوام کو دکھ پہنچا ہے۔

حزب اختلاف کے اراکین نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دے کر واپس لینے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ وہ صوبے کے غریب عوام کیلئے آواز اٹھائیں گے اور بجٹ کا پوسٹ مارٹم کرکے عوام کے سامنے رکھیں گے۔

حکومتی اراکین نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو عوام دوست بجٹ کو سراہنا چاہئے، تاریخ میں پہلی بار صوبائی بجٹ میں روز گار کے مواقع اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈز رکھے گئے ہیں۔