گوادر پر بننے والی فلم کی عالمی مقابلے میں دوسری پوزیشن

565

آرٹ کے شعبے سے وابستہ لسبیلہ کے نوجوانوں شبیر انیس اور ظہیر ظرف کے مختصر دورانیے کی فلم “گوادر” کو انٹرنیشنل لندن فلم فیسٹیول میں دنیا بھر سے بھیجی گئی 70 ممالک کی فلموں میں دوسری بہترین شارٹ فلم کا اعزاز دیا گیا۔

فلم فیسٹیول میں دنیا بھر سے بھیجی گئی 70 ممالک کی آٹھ سو فلموں میں مقابلہ تھا جس میں زروان فلمز کے بینر تلے بننے والی گوادر کو دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا اس فلم کے ہدایتکار شبیر انیس جبکہ کہانی کار اور پروڈیوسر ظہیر ظرف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچی شارٹ فلم انٹرنیشنل فیسٹیول کے لیے منتخب

فلم میں سی پیک اور گوادر میں پانی سے جڑے مسائل کو ساٹھ سکینڈ کے قلیل وقت میں دکھایا گیا جس کی اسکریننگ گزشتہ ماہ لندن فلم فیسٹیول میں کی گئی جس کے رزلٹس کا باقاعدہ اعلان گزشتہ روز کیا گیا۔

اسکریننگ میں موجود ججز کے پینل نے گوادر پر بننےوالی فلم کو ایک متاثر کن فلم قرار دیتے ہوئے کافی سراہا۔

زروان فلمز کی فلم گوادر کو پچھلے سال حب میں اسکرین کیا گیا تھا جس کے بعد اس فلم نے عالمی سطح پر مختلف ممالک میں خود کو منوایا۔

مزید پڑھیں: بلوچی فلم ’ایووکیشن‘ یوٹیوب پر نشر

گوادر فلم کو اسی ماہ بلوچستان فلم فیسٹیول میں بھی بلوچستان کی دوسری بہترین فلم کا اعزاز اور انعام دیا گیا۔

فلم گوادر کے ہدایتکار شبیر انیس اور پروڈیوسر اور کہانی کار ظہیر ظرف نے فلم کی لندن فلم فیسٹیول میں اسکریننگ اور دوسری پوزیشن کو اپنے اور لسبیلہ کے لیے اعزاز قرار دیا۔

یاد رہے حال حوال، زروان فلمز کے ساتھ میڈیا پارٹنر رہا ہے اور فلم کی تشہیری مہم میں اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ زروان فلمز کی اس کامیابی پر ادارہ حال حوال نے بطور پارٹنر انسٹی ٹیوٹ اسے اپنی کامیابی سمجھتے ہوئے مبارک باد پیش کیا ہے۔