گوادر حملے کے بعد سی پیک سیکیورٹی کے لئے چینی نائب کا پہلا دورہ پاکستان

240

اسلام آباد: چین کے نائب صدر وانگ کشان کل پاکستان کا 3روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

چینی نائب صدر چین کی 13ویں پیپلز کانگریس اور سینٹرل فارن افیئرز کمیشن کے رکن ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب صدر دورے کے دوران صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

دورے کے دوران متعدد معاہدے اور باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق چینی نائب صدر کے دورے کے موقعے پر سی پیک کے سیکورٹی کے حوالے سے اہم موضوعات زیر بحث رہے گی۔

یاد رہے بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے گذشتہ دنوں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں بی ایل اے کمانڈر چینی صدر کو پیغام دیتے کہا گیا تھا کہ “صدر شی جن پنگ، تمہارے پاس اب تک وقت ہے کہ بلوچستان چھوڑ دو، ورنہ تم بلوچ فرزندوں اور بیٹیوں کی جانب سے ایسی مزاحمت دیکھو گے جو تم کبھی فراموش نہیں کرسکو گے۔”

یہ ویڈیو پیغام بی ایل اے مجید بریگیڈ کے اس حملے کے صرف چند دن بعد ہی جاری کیا گیا ہے، جب مجید بریگیڈ کے ” فدائین” نے گوادر میں واقع ایک پانچ ستارہ ہوٹل پر حملہ کرکے اس پر 26 گھنٹوں تک قبضہ جمائے رکھا تھا، بی ایل اے کے مطابق اس حملے میں چالیس سے زائد فوجی اہلکار اور متعدد غیر ملکی مارے گئے تھے جبکہ اس حملے ’’آپریشن زِر پہازگ‘‘ کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔