کیچ: زائد المیعاد اشیاء کے فروخت ہونے کا انکشاف، عوام بیماریوں میں مبتلا 

203

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تمپ کے مختلف علاقوں میں زائد المیعاد ایرانی خوردنوشی اشیاء کے فروخت ہونے کا انکشاف، شہریوں میں ان کے استعمال سے دست اور قے کی بیماری پھیل گئی ۔

اطلاع کے مطابق تمپ کے مختلف علاقوں میں زائد المیعاد ایرانی خوردونوشی اشیاء جن میں مٹر، لوبیا اور مشروبات شامل ہیں بے دھڑک فروخت ہورہی ہیں ۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تمپ میں ڈرگ انسفکٹر یا ان اشیاء کے تاریخ استعمال کے حوالے سے حکومتی سطح پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے سبب دکانداروں کو اپنی من مانی کی کھلی چوٹ مل گئی ہے ۔ تمپ کے کئی علاقوں سے ان اشیاء کے استعمال کے بعد دست اور قے کی بیماری پھیلنے کی شکایت ملی ہے ۔

واضح رہے کہ ایرانی اشیاء پر تاریخ تنسیخ فارسی زبان اور ایرانی کلینڈر کے حساب سے لکھی جاتی ہیں جو عام لوگوں یا خریداروں کی سمجھ میں نہیں آتے ، لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔