کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی سٹی کیمپس بروری روڑ کا افتتاح کردیا گیا

406

گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے بلوچستان یونیورسٹی کے سٹی کیمپس بروری روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور خاص طور سے اس میں لڑکیوں کے تنا سب میں اضافہ نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزاء ہے۔ سٹی کیمپس میں فی الوقت فزیوتھراپی اور ایسٹرن میڈیسن کے شعبے موجود ہیں ۔

گورنر بلوچستان نےکہا کہ فزیوتھراپی کا شعبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ اس شعبے کی ترقی سے سینکڑوں مریض مقامی سطح پر مطلوبہ سہولتیں حاصل کر سکیں گے جس کیلئے انہیں اس سے قبل دوسرے صوبوں میں جانا پڑتا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آ ف بلوچستان کے سٹی کیمپس کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرجاویداقبال ودیگر اساتذہ اور سٹی کیمپس کے اساتذہ، طلباءاور طالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

گورنر نے سپاسنامے کا جواب دیتے ہوئے ادارے کو کمپیوٹر لیب سمیت تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال اور ان کی ٹیم کی انتھک کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ اگر کوالفائیڈ اساتذہ کرام ساتھ ملکر یہی کاوشیں جاری رکھیں تو وہ دن دور نہیں جب مستقبل قریب میں دیگر صوبوں سے طلبہ یہاں پڑھنے کیلئے ضرور آئیں گے ۔ آخر میں گورنر نے منتظمین اور اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں شیلڈز تقسیم کیں۔