کندھار میں مہاجرین پر حملے اور گوادر سے خواتین و بچوں کے اغوا کی مذمت کرتے ہیں ۔ شیر محمد بگٹی

277

بلوچ ریپبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیر محمد بگٹی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی افواج کی جانب سے بلوچستان اور باہر مقیم بلوچوں کے خلاف سخت اور پرتشدد کاروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے  جس پر تمام انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی لمہ فکریہ ہے۔

شیر محمد بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کے پراکسیوں کی جانب سے گذشتہ شب کندھار میں مقیم بگٹی مہاجرین کے کیمپ پر بارود سے بھرے ایک گاڈی کے ذریعے بم حملہ کیا گیا جس میں چار خواتین اور چھ بچے زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک اور کاروائی میں پاکستانی فوج نے گوادر شہر میں واقع اللہ بخش بلوچ نامی ایک شخص کے گھر پر چھاپہ مار کر اللہ بخش کی اہلیہ عائشہ بی بی اور ان کے دو بیٹیوں مہتاب اور نائلہ بی بی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ریاست نے بلوچ سرزمین کو بلوچوں کیلئے جہنم بنا دیا ہے اور اپنے بچوں کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے باہر جانے والے مہاجرین کو بھی مسلسل نشانہ بنا رہی ہے، ایسے واقعات کسی بھی واقع کے رد عمل نہیں بلکہ بلوچ قوم کی نسل کشی کیلئے جاری کاروائیوں کا تسلسل ہیں۔

شیر محمد بگٹی نے انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ بلوچ خواتین کے اغوا اور مہاجرین کو مسلسل نشانہ بنائے جانے جیسے واقعات کا نوٹس لیں۔ اگر ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات نہ کیئے گئے تو حالات بد سے بد تر ہوجائے گے۔