پاکستان: 49 فیصد ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کا انکشاف

176

عالمی ادارہ صحت نے پاکستان بھر سے 210 ماحولیاتی نمونے لیے جن میں سے 102 میں وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

پاکستان  بھر سے حالیہ رپورٹ ہونے والے دس پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیو وائرس کی منتقلی کا عمل کراچی، کوئٹہ، پشاور اور دیگر علاقوں میں شناخت کردہ پانی کے ذخائر سے جاری ہے۔

ماحولیاتی نمونے ان علاقوں کے گندے نالوں سے لیے گئے کیونکہ پولیو وائرس گندے پانی اوراس میں موجود فضلے میں پروان چڑھتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے پہلے ہی قومی ایمرجنسی پلان19 -2018 کا آغاز کیا ہوا ہے جس کے تحت کو شش کی جا رہی ہے کہ پاکستان  کے ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچے۔

عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے اعداد وشمار کے مطابق اب تک پاکستان  بھر سے پولیو کے 10کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے تین کا تعلق لاہور سے ہے۔

قومی ادارہ صحت نے 2 اور 3 مئی کو داتا گنج بخش ٹاؤن کی حفصہ اور علامہ اقبال ٹاؤن کے دس سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے۔