پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

164

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی اور روپے کی قدر میں گراوٹ جاری ہے ۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر شدید مندی کے باعث 100 انڈیکس میں 800 سے زائد پوائنٹس کی کمی آگئی۔

اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد 100 انڈیکس میں 33 ہزار کی سطح بھی ٹوٹ گئی۔

کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 2.5 فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی، جبکہ انڈیکس ساڑھے 3 سال کی کم سطح 32 ہزار 360 سے نیچے آگیا۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 63 پیسے مزید مہنگا ہو کر 148.50 روپے پر پہنچ گیا۔

جمعہ 17 مئی کو ڈالر اوپن مارکیٹ میں 150 اور انٹر بینک میں 149 پر فروخت ہو رہا تھا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان طے پائے جانے والے معاہدے کے بعد ملک میں ڈالر کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

معاہدے کے تحت آئی ایم ایف پاکستان کو تین سال کےلیے 6 ارب ڈالر کا قرض دے گا۔ لیکن آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج کے بعد ملک میں بیروزگاری مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں ۔

دسمبر 2017 سے ڈالر کی قیمت میں ابتک 25 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، مگر ماہرین کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ڈالر مزید 5 سے 10 فیصد مہنگا ہوسکتا ہے۔