میکسیکو: طیارہ گرنے سے 14 افراد ہلاک

115

پرائیویٹ جیٹ طیارے کا ملبہ میکسیکو کے ایک ویران مقام پر بکھرا پڑا ہے۔ طیارہ طوفان میں پھنسنے سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔

پرائیویٹ جیٹ طیارے کا ملبہ میکسیکو کے ایک ویران مقام پر بکھرا پڑا ہے۔ طیارہ طوفان میں پھنسنے سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔

امریکی شہر لاس ویگاس سے میکسیکو کے شمالی شہر مونٹری جاتے ہوئے لاپتا ہونے والے طیارے کا کھوج مل گیا ہے۔

پیر کے روز میکسیکو کے عہدے داروں نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں طیارے کا ملبہ مل گیا ہے اور طیارے پر سوار تمام 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

میکسیکو کے اخبار ’ریفارما‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والے بدقسمت پرائیویٹ طیارے پر 11 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے ملبے کی نشاندہی فضائی تلاش کے دوران ہوئی۔ طیارے کا ملبہ شمالی شہر مونکلوا سے تقریباً 129 میل کے فاصلے پر دیکھا گیا۔

رائیٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں خدمات فراہم کرنے والے محکمے کے ایک عہدے دار فرنینڈو اورٹا نے بتایا کہ طیارہ گرنے کی جگہ کی نشاندہی ہو چکی ہے تاہم امدادی عملہ ابھی تک وہاں نہیں پہنچ سکا ہے-

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پائلٹ طیارے کو طوفان سے باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد دو انجن کے چھوٹے جہاز کا رابطہ کنڑول ٹاور سے کٹ گیا تھا۔