مستونگ میں گرلز اسکولوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے – ٹیچر ایسوسی ایشن کا مطالبہ

184

گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع مستونگ کی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید غریب شاہ انجم نے اپنے جاری کردہ  بیان میں کہا ہےکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلی محمد شہی اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کلی اشکنہ میں سینکڑوں طالبات کے پر اسرار بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد اب گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شمس آباد اور گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کلی شمس آباد کے درجنوں طلباء و طالبات بھی اس پراسرار وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جو شدید تشویش کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی اور صوبائی حکومت کے لیے ایک لمحہ فکریہ بھی ہے اور ضلعی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔

انہوں نے اس پراسرار بیماری اور وائرس کی روک تھام کے لیے ضلعی اور صوبائی حکومت پر زور دیا کہ اس متعدی بیماری کی تدارک کے لیے سخت سے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔
کیونکہ اس پر اسرار بیماری کی وجہ سے ضلع مستونگ کے والدین اور طلبا و طالبات شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہے اور بعض والدین اپنے بچوں اور بچیوں کو اسکول بھیجنے سے کترا رہے ہیں جن کی وجہ سے ان کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع مستونگ کے تمام اسکولوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ مزید کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔