قلات: سبزی فروش پر لیویز کی مبینہ تشدد کے خلاف احتجاج

259

لیویز اہلکار کے تشدد کو غنڈہ گردی سے تعبیر کرتے ہیں – دکاندار

بلوچستان کے ضلع قلات میں سبزی فروش پر لیویز کی مبینہ تشدد کے خلاف سبزی وفروٹ فروشاں سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے نارواہ رویئے کے خلاف دکانوں کی تالہ بندی کردی اور انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی اور دھرنا دیا ۔

اطلاعات کے مطابق قلات شہر میں اس وقت سبزی و فروٹ فروشاں سراپا احتجا ج بن گئے جب لیویز اہلکار کی جا نب سے سبزی فروش بہادر خان پر مبینہ تشدد کیا گیا۔ سبزی فروش پر تشدد کی اطلا ع ملتے ہی سبزی و فروٹ فروشوں نے اپنے یونین صدر محمد قاسم اور میر عبدالصمد لہڑی کی زیر قیادت احتجاج شروع کیا اور دکانوں کی تالہ بندی کر دی ۔

اس موقع پر صدر انجمن تاجران قلات کے صدر میر منیر احمد شاہوانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیویز اہلکار کے تشدد کو غنڈہ گردی سے تعبیر کرتے ہیں اور اس طرح کا ناروا رویہ بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیویز اہلکاروں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آئے روز چیکنگ کے نام پر انہیں تنگ کیا جا تا ہے بلکہ انہیں نا حق جرمانے کی بھی سزا سنا دی جا تی ہے ۔

انہوں نے لیویز اہلکاروں اور انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی بھی کی ۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر میر محمد ایوب مری کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد فروٹ و سبزی فروشاں نے احتجاج ختم کر کے دکانیں دوبارہ کھولی۔