روس کی فضائی کمپنی ’ایروفلوٹ‘ کے ایک جہاز میں فضا میں بلند ہونے کے فوراً بعد آگ بھڑک اُٹھی جس کے باعث جہاز میں سوار 41 مسافر ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد جہاز کو ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
انٹرفیکس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جہاز کے پائلٹ نے اُڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہنگامی نوعیت کا سگنل دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوخوئی سوپر جیٹ 100 جہاز کی ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران اُس کا زیادہ تر پچھلا حصہ شعلوں کی لپیٹ میں تھا۔
روسی نیوز ایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں دو بچے اور فلائٹ اٹینڈینٹ بھی شامل ہیں۔
جہاز کے زندہ بچ جانے والے 37 مسافروں کو ہنگامی سلائیڈز کے ذریعے اتار لیا گیا۔
ماسکو سے روس کے شمالی شہر مر مانسک جانے والے اس جہاز میں عملے کے علاوہ 78 مسافر سوار تھے۔ جہاز میں آگ لگنے کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تحقیقات کاروں کے مطابق ابھی جہاز کے اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ سروس کے مطابق جہاز نے ہنگامی لینڈنگ سے قبل 45 منٹ تک ماسکو کے گرد دو مرتبہ چکر لگایا۔