بی ایس او پجار کے زیر اہتمام شہید فدا بلوچ کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد 

383
وقت و حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم شہید کامریڈ فدا احمد بلوچ کی سوچ و فکر کو اپناکر ’’اتحاد جدوجہد آخری فتح تک‘‘ پر عمل پیرا ہو – بی ایس او پجار
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کے زہر اہتمام شہید وطن شہید کامریڈ فدا احمد بلوچ کی یوم شہادت پر حب سمیت کوئٹہ، خضدار، پنجگور، نال، سبی میں مختلف تقاریب و پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جبکہ مرکزی تقریب حب میں منعقد کی گئی، تقریب کے آغاز میں شہداء کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس او (پجار) کے مرکزی چیئرمین کامریڈ عمران بلوچ، بلوچستان وحدت کے صدر حنیف بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ممبر وقار بلوچ، بلوچستان وحدت کے نائب صدر کامران بلوچ حب زون کے آرگنائزر نعیم بلوچ نے کہا کہ شہید کامریڈ فدا احمد بلوچ ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک نظریے، فکر و سوچ کا نام ہے وہ نوجوانوں کے لئے درس گاہ کی حیثیت رکھتا تھا نوجوان اس سے سیاسی تربیت حاصل کرکے بلوچ قومی جدوجہد میں شامل ہوکر عوام کے حقوق کی آواز بنتے، شہید کامریڈ فدا احمد بلوچ ایک تاریخ ساز کردار کے مالک تھے وہ بلوچ قومی تحریک سے گہری وابستگی رکھتے تھے انہوں نے اپنی مختصر سی عمر میں مظلوم انسانیت اور بین الاقوامی تحریکوں کے لئے بہت کچھ کیا انہوں نے زندگی کے کسی موڑ پر بھی ایسا کوئی عمل نہیں کیا جس سے تحریک کو گزند پہنچنے کا خدشہ ہو مظلوم و محکوم عوام کی بنیادی حقوق کی بازیابی کے لئے جمہوری جدوجہد کا انتخاب کیا اور آخری وقت تک اس پر قائم رہے۔ شہید کامریڈ فدا احمد بلوچ کی شہادت بلوچستان میں ایک عظیم مقرر، ایک عظیم مدبر، ایک عظیم انقلابی رہنما کی شہادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں سیاسی جمہوری عمل کو روکنے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال میں لائے جارہے ہیں سیاسی رہنماوں کو دیوار سے لگاکر غیر جمہوری و غیر سیاسی افراد کو عوام پر مسلط کرکے بلوچ سرزمین ساحل و وسائل لوٹنے کی کوشش ہورہی ہے بلوچستان کو سیاسی طور پر بانجھ بنانے کے لئے طلباء سیاست کو ختم کرنے کی سازش رچی جارہی ہے تاکہ بلوچستان میں سیاسی لوگ پیدا نہ اور سرمایہ دار، جاگیردار، نواب و سردار سیاست پر قابض ہوجائے اور بلوچ عوام کا استحصال کرتے رہے لیکن بی ایس او (پجار) ان کے ناپاک ارادوں اور ہتھکنڈوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگی آج جو چیلنجز کا ہمیں سامنا ہے وقت و حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم شہید کامریڈ فدا احمد بلوچ کی سوچ و فکر کو اپناکر ’’اتحاد جدوجہد آخری فتح تک‘‘ پر عمل پیرا ہوکر تمام جمہوری و سیاسی قوتوں کے اشتراک عمل کے ذریعے اپنے حقوق کی سیاسی جنگ لڑے، جس دن ہم متحد و منظم ہوئے کوئی بھی ہمارے سرزمین پر میلی آنکھوں سے دیکھنے کی جرت نہیں کرسکتا۔