بھارت: ’ماؤ باغیوں‘ کے حملے میں 15 پولیس اہلکار ہلاک

193

بھارتی ریاست مہاراسٹرا میں مبینہ طور پر بائیں بازوں کے باغیوں نے بارودی سرنگ کے دھماکے میں 15 بھارتی پولیس اہلکاروں اور ایک ڈرائیور کو ہلاک کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ بھارت کی مغربی ریاست مہاراسٹرا کے ضلع گچیرولی میں پیش آیا۔

ادھر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ’مہاراسٹرا میں ماؤ نواز باغیوں سے متاثرہ ضلع گچیرولی میں پولیس گاڑی کو پہلے سے نصب دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے اڑایا گیا‘۔

پولیس افسر شیلیش بلکاوادے کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ماؤ باغیوں نے گچیرولی ضلع کے کرکھیدا میں زیر تعمیر سڑک پر ماؤ باغیوں نے 25 گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سڑک کے ساتھ کھڑی ان گاڑیوں کو مٹی کا تیل اور ڈیزل کے ذریعے آگ لگائی گئی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ماؤ باغیوں کی جانب سے کیا گیا آج کا حملہ ایسے وقت میں ہوا جب مہاراسٹرا اپنا یوم تاسیس منا رہا ہے۔

اس دھماکے پر بھارتی وزیر اعظم نریند مودی نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور اس حملے کو ’سفاکانہ‘ قرار دیا اور کہا کہ ’اس طرح کے پرتشدد واقعے کے قصورواروں کو نہیں چھوڑا جائے گا‘۔

خیال رہے کہ 9 اپریل کو ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑہ میں ماؤ باغیوں کے حملے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی اور 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔