بلوچستان لیبر فیڈریشن نے بی ڈی اے کے احتجاجی تحریک کی حمایت کردی

155

بلوچستان لیبر فیڈریشن نے بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جاری احتجاجی تحریک کی حمایت میں بروز جمعہ 31 مئی کو کوئٹہ شہر میں احتجاجی ریلی اور مظاہرے کا اعلان کردیا ۔ بلوچستان لیبر فیڈریشن نے بی ڈی اے کے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے مزدوروں اور ملازمین کی حالت کو تشویشناک قراردیتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرارد دیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا کہ سابق دور حکومت میں اسمبلی اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے باوجود موجودہ حکومت مسئلے کے حل میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے بی ڈی اے کے تمام کنٹریکٹ اورپراجیکٹ ملازمین اپنے جائز مطالبے کے حل کیلئے اپنی زندگیاں داو پر لگا چکے ہیں حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے ۔ حکومتی وزراء اور اراکین صرف طفل تسلیوں سے کام لے رہے ہیں موجودہ وزیر اعلی ٰکی جانب سے صوبائی کابینہ میں فیصلے کو باوجود تا حال بی ڈی اے ملازمین و مزدوروں کو تسلی نہیں کرائی گئی لہٰذا بلوچستان لیبر فیڈریشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تا دم مرگ بھوک ہڑتال کی حمایت میں جمعہ کے روزدن گیارہ بجے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کیاجائے گا ۔

اجلاس میں بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی ڈی اے مزدور اور ملازمین تنہا نہیں فیڈریشن جائز مطالبات تسلیم کرانے کیلئے بلوچستان بھر میں ا حتجاج کی کال دیگی اور عید الفطر کے روز بھی احتجاج کیا جائے گا اور عید کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاج مظاہروں اور جلسوں کی کال دیکر بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت میں مزدور سڑکوں پر نکلیں گے ۔

بیان میں بلوچستان لیبر فیڈریشن میں شامل تمام یونینوں کے رہنماوں اور مزدوروں کو تاکید کی گئی ہے کہ جمعہ 31 کے احتجاجی مظاہرے میں بھر پور شرکت کریں ۔ اجلاس میں بلوچستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی رہنما قاسم خان، بشیر احمد، عبدالمعروف آزاد، حاجی سیف اللہ ترین، عابد بٹ، دین محمد محمد حسنی، عارف نچاری، وحید خان، تاج محمد، عبدالحمید چراغ اور دیگر یونینوں کے عہدیداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے فیڈریشن کے فیصلوں کی تائید کی گئی ۔