ایران سے 12 شرائط کی بنیاد پر مذاکرات کے لئے تیار ہیں- امریکہ

202

امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن، ایران کے ساتھ مشروط طور پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے تہران کو امریکا کی 12 شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ اگر ایران ان شرائط پر عمل درآمد میں‌ سنجیدہ ہے تو تہران کے ساتھ بات چیت کی جا سکتی ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ واشنگٹن، تہران پر دبائو بڑھانے کی حکمت عملی اور مہم جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ امریکا نے ایران کے ساتھ طے پائے جوہری سمجھوتے سے علاحدگی کے اعلان کے بعد تہران کے ساتھ بات چیت کے لیے 12 شرائط عاید کی تھیں۔ وہ شرایط درج ذیل ہیں

ایک۔ جوہری اسلحہ کی تیاری روکیں۔

 دو ۔عالمی معائنہ کاروں کو جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینا۔
تین۔ جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت والے میزائلوں کی تیاری بند کرنا۔
چار۔ جوہری ہتھیار تیاری کی سابقہ کوششوں کو سامنے لانا۔
پانچ ۔دہشت گرد تنظیموں بالخصوص حزب ۔اللہ، حماس اور اسلامی جہاد کی مدد بند کرنا
چھ۔ یمن میں شیعہ مذہب کے حوثی باغیوں کی مدد ترک کرنا۔
سات ۔شام میں موجود اپنی فوج واپس بلانا۔
آٹھ ۔افغانستان میں طالبان اور دوسرے دہشت گرد گروپوں کی مدد بند کرنا۔
نو۔ القاعدہ کے رہنماؤں کی میزبانی ختم کرنا
دس۔ پڑوسی ملکوں کے لیے خطرہ نہ بننے کی ضمانت دینا۔
گیارہ ۔ ایران میں موجود تمام امریکیوں کو رہا کرنا ۔
بارہ۔ اور سائبر حملے بند کرنا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ‌ ٹرمپ دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے خطے میں موجود امریکی مفادات کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو اسے مہلک حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹرمپ نے یہ دھمکی اس وقت دی جب امریکا نے خطے میں ایران کی طرف سے کسی بھی جارحیت کے پیش نظر اپنی فوج اور جنگی ہتھیار تعینات کیے ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس بات کی ٹھوس معلومات موجود ہیں کہ ایران کسی بھی وقت امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔