افغانستان: کابل میں غیر سرکاری تنظیم کے دفتر پر حملہ

232

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق کابل میں ہونے والے حملے کے بارے میں  افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق حملہ بدھ کو کابل کے علاقے شہرِ نو میں واقع غیر سرکاری تنظیم ‘کاؤنٹر پارٹ انٹرنیشنل’ کے دفتر پر کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حملے کا آغاز ایک زوردار بم دھماکے سے ہوا جس کے بعد بعض مسلح افراد  دفتر کی عمارت میں داخل ہوگئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں دستی بموں کے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق پہلا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے نزدیکی عمارتیں لرز کر رہ گئیں اور کئی قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور عمارت میں موجود جنگجووں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

افغان وزارتِ صحت کے ترجمان واحد اللہ میار نے کہا ہے کہ حملے میں ابتدائی طور پر نو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹوئٹ میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ‘کاؤنٹر پارٹ انٹرنیشنل’ افغانستان کو نقصان پہنچانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھی اور اس کا تعلق امریکی امدادی ادارے یو ایس اے آئی ڈی سے ہے۔

تازہ ترین حملہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور افغان طالبان کے نمائندوں کے درمیان 17 سال سے جاری افغان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا دور جاری ہے۔