اسلام آباد: ہزارہ قوم کا یوم ثقافت حوالے پروگرام کا انعقاد

201

گذشتہ دو دہائیوں سے ’ہزارہ قوم‘ پے در پے دہشت گردی کے واقعات کے نتیجے میں لاشیں اٹھاتے اٹھاتے اور یوم سیاہ مناتے مناتے تھک گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہزارہ قوم نے اپنی شناخت اور ثقافت کی ترویج کے لیے جدوجہد تیز کردی ہے۔

اسی سلسلے میں اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں آج (19 مئی کو) ’ہزارہ کلچرل ڈے‘ کے حوالے سے ایک تاریخی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد یہ تھا کہ پوری دنیا ہزارہ قوم کی ثقافت، ادب، زبان، تاریخ اور  فنون لطیفہ سے روشناس ہو سکے۔

تقریب کی منتظم ’ہزارہ فورم اسلام آباد‘ کی بانی اور انسانی حقوق، امن اور ثقافت کی فعال کارکن فاطمہ عاطف تھیں۔

ہزارہ فورم اسلام آباد کے رضاکار 2013 سے لے کر اب تک دہشت گردی کے خلاف پر زور طریقے سے آواز اٹھاتے آئے ہیں اور ساتھ ہی اپنی ثقافت کی ترویج و تشہیر کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت مختلف چھوٹی بڑی تقریبات کا اہتمام بھی کرتے ہیں تاکہ قومی سطح پر ہزارہ قوم کے تشخص کو مثبت انداز میں پیش کیا جائے۔

اس سال یورپ کے مختلف ممالک، وسطی ایشیا، آسٹریلیا اور بالخصوص پاکستان میں ’ہزارہ ثقافت کا دن‘ 19 مئی کو پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔