یونیورسٹی آف بلوچستان کا 16ویں کانووکیشن منعقد

173

 گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہترین کار کردگی نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو مضبوط اور مستحکم بنیادیں فراہم کی ہیں اور مختلف اضلاع میں ہائر ایجو کیشن کمیشن کے امبریلا پروجیکٹ کے تحت نئے کیمپسز کے قیام کے مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوں گے۔

 گورنر بلوچستان نے وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں سے یونیورسٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے16ویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر صاحبان ، صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجو کیشن ظہور احمد بلیدی، ماہرین تعلیم ، فار غ التحصیل ہونے والے طلباو طالبات سمیت والدین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرے ہوئے گورنر نے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کا ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ہے ۔ اگر ہم نوجوانوں کے اذہان کو جدید علمی جہان بینی سے روشن کرنے میں کامیاب ہوئے تو اسی سے ترقی یافتہ پاکستان او رپر امن بلوچستان کو یقینی بنانے کیلئے راہ ہموار ہوجائیگی ۔ اس ضمن میں آپ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں میں قومی اہداف کے حصول میں بھر پور رہنمائی فراہم کریں ۔

گورنر نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ پر وقار تقریب آپکی محنت لگن اور مطالعہ سے شوق رکھنے کااعتراف ہے ۔ لہٰذا ضروری ہے کہ آپ اپنے علم و تجربے کو معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائیں ۔ آپ کی مسلسل جدو جہد اور لگن سے معاشرے میں مضبوطی اور استحکام پیدا ہوگا ۔

گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں سیکھنے کے دوران مشکلات جھیلنے سے کامیابی اور سر خروئی کومضبوط بنیادیں فراہم ہوگیں لہٰذا آپ اپنا سفر دیانتداری اور خلوص سے جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ کانووکیشن آپ کی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے او ر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے سے آپ پاکستان کے ایک مفید شہری بن جائیں گے ۔

گورنر بلوچستان یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباو طالبات کو دلی مبار کباددی اور ان کی مزید کامیابی اور سر خروئی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجوکیشن ظہور احمد بلیدی نے کہاکہ موجودہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے پر عزم ہے اور میرٹ اور کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے ۔

آخر میں گورنربلوچستان نے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل گریجوئیٹس میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیئے