ہندووستان : انتخابات کا پہلا مرحلہ، 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر پولنگ

423

بھارت میں انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس میں آج (بروز جمعرات) 20 ریاستوں میں ایوان زیریں (لوک سبھا) کی نشستوں کے لیے ووٹنگ شروع ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات کا آج پہلا روز ہے، یہ انتخابات 6 ہفتوں میں مکمل ہوں گے۔

بھارت میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز میں سے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

آج ہونے والے پہلے مرحلے میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ منگل کو پرتشدد واقعات میں 7 افراد کے قتل کے بعد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جن ریاستوں میں آج انتخابات ہورہے ہیں ان میں اترپردیش، آروناچھل پردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، جموں کشمیر، مہاراشٹرا، مزورام، مانی پور، میگھالیہ، ناگالینڈ، اوڈیشا، سکم، تیلانگانا، تری پورا، اتر پردیش، اتر کھنڈ، مغربی بنگال، اندمن، نکوبر اور لکشادیپ شامل ہیں۔

بھارت میں 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات میں پارلیمنٹ کی 543 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، جن میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا اعلان 23 مئی کو ہوگا۔

آج سے شروع ہونے والے بھارتی انتخابات کا یہ مرحلہ 19 مئی تک جاری رہے گا، جہاں دوسرے مرحلے میں 18 اپریل کو 13 ریاستوں، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مقبوضہ جموں اینڈ کشمیر، کرناٹکہ، مہاراشٹرا، مانی پور، اوڈیشا، تمل ناڈو، تری پورا، اتر پردیش، مغربی بنگال، پودوچھری کی 97 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

اسی طرح 23 اپریل کو شروع تیسرے مرحلے میں 14 ریاستوں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، گجرات، گوا، جموں اینڈ کشمیر، کرناٹکہ، کریلا، مہاراشٹرا، اوڈیشا، اتر پردیش، مغربی بنگال، دادرا اور نگر حویلی، دامان اور دیو کی 115 نشستوں پر الیکشن منعقد کیے جائیں گے۔

بھارتی انتخابات کا چوتھا مرحلہ 29 اپریل کو ہوگا، جہاں 9 ریاستوں کی کل 71 نشستوں پر امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا، جن ریاستوں میں اس مرحلے میں انتخابات ہوں گے اس میں بہار،مقبوضہ جموں کشمیر، جھاڑ کھنڈ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، اوڈیشا، راجستھان، اتر پردیش اور مغربی بنگال شامل ہیں۔

پانچویں مرحلے میں 6 مئی کو بھارت کی 7 ریاستوں میں 51 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، جس میں بہار،  جموں اور کشمیر، جھاڑکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان، اترپردیش اور مغربی بنگال کی ریاستیں ہیں۔

لوک سبھا کی نشستوں کے لیے انتخابات کا چھٹا مرحلہ 12 مئی کو سجے گا، جہاں بہار، ہریانہ، جھاڑ کھنڈ، مدھیہ پردیش، اترپردیش، مغربی بنگال، دہلی میں 59 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

بھارتی انتخابات کا آخری مرحلہ 19 مئی کو ہوگا، جس میں 8 ریاستوں کی 59 نشستوں پر انتخابی لڑائی لڑی جائے گی، ان ریاستوں میں بہار، ہماچھل پردیش، جھاڑکھنڈ، مدھیہ پردیش، پنجاب، مغربی بنگال، چندی گڑھ اور اتر پردیش شامل ہیں۔

انتخابات کی بات کی جائے تو اس وقت بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دوسری مرتبہ اقتدار میں آنے کی خواہش مند ہے جبکہ ان کے مدمقابل کانگریس پھر سے واپسی کی خواہش مند ہے۔

بھارت کے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی دوسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے لیے گاندھی اور نہرو کے سیاسی وارث راہول گاندھی کا مقابلہ کریں گے۔

اس سلسلے میں دونوں سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کی جانب سے ووٹرز سے مختلف انداز میں اپیلیں کی جارہی ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جنہوں نے الیکشن کے قریب آتے ہیں اپنا ٹوئٹر کا نام بھی چوکیدار نریندر مودی کردیا تھا، انہوں نے ووٹرز خاص طور پر نوجوان اور پہلی مرتبہ ووٹ کاسٹ کرنے والے سے کہا کہ وہ بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔