گوادر : ساحل پر 34 فٹ لمبی وہیل مردہ حالت میں پائی گئی

467

بلوچستان کے مغربی ساحل گوادر پر 34 فٹ لمبی برائڈس وہیل مردہ حالت میں پائی گئی ہے، مچھلی کے جسم پر متعدد زخم بھی پائے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گوادر کے مغربی ساحل پر وہیل میمل مردہ حالت میں پائی گئی ہے، مچھلی کے جسم پر کئی زخم بھی موجود تھے۔

گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ ماحولیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرحیم بلوچ نے اس حوالے سے بتایا کہ برائیڈس نسل کی 34 فٹ لمبی مردہ وہیل مچھلی گوادر کے سمندر میں پائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر کے ساحل پر ڈولفین مردہ حالت میں برآمد

انھوں نے کہا کہ وہیل کا جسم کئی جگہ سے زخمی تھا، برائیڈس نسل کی وہیل گوادر کے سمندر میں پائی جاتی ہے، کسی وجہ سے زخمی ہوگئی جس سے موت واقع ہوئی۔

عبد الرحیم بلوچ کا کہنا تھا کہ وہ زخموں کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ مچھلی کسی جہاز سے ٹکرا کر زخمی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: حب، گڈانی کے قریب مبارک ولیج کے سمندر میں خام تیل پھیل گیا، آبی حیات کو خطرہ

انھوں نے مزید بتایا کہ وہیل مچھلی کی ہڈیاں ایک میوزیم میں رکھی جائیں گی تاکہ اس سلسلے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کی جا سکے، جب کہ باقی مچھلی کو گوادر ساحل ہی پر دفنایا جائے گا۔

برائڈس وہیل ان تین قسم کے بَلین وہیلز میں سے ایک ہے جو بلوچستان کے پانیوں میں پائی جاتی ہے، دیگر دو میں ایک بلیو وہیل اور دوسری عربین ہمپ بیک ہے۔ 2013 میں بھی برائڈس وہیل ڈمب، سونمیانی میں مردہ حالت میں ملی تھی۔