کوئٹہ : ڈاکٹر پر فائرنگ کیخلاف ہڑتال، او پی ڈیز سمیت آپریشن تھیٹر بند

329

کوئٹہ سول ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ آئے لوگ نہ صرف ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں،ڈاکٹر ایکشن کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر کلیم اللہ

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعات کے خلاف ہڑتال جاری، او پی ڈیز سمیت آپریشن تھیٹروں میں ڈاکٹروں کا مکمل بائیکاٹ۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ایکشن کمیٹی کی جانب سے بی ایم سی برن وارڈ، سول ہسپتال اور نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کے خلاف مریضوں کے اہل خانہ کی جانب سے کئے گئے تشدد کے واقعات کے خلاف دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا جو جمعہ سے شروع ہوگئی۔ سول ہسپتال، بی ایم سی سمیت صوبے بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کی او پی ڈیز کے ساتھ ساتھ آپریشن تھیٹروں میں بھی ڈاکٹروں نے احتجاجاً کام بند کر رکھا ہے جبکہ شعبہ حادثات میں ڈاکٹر اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں۔

کوئٹہ سول ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ڈاکٹروں کو تحفظ دینے تک احتجاج جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا۔

ڈاکٹر ایکشن کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر کلیم اللہ کے مطابق سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ آئے لوگ نہ صرف ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔ امداد چوک پر 2 روز قبل ڈاکٹر پر فائرنگ بھی کی گئی جس میں 2 افراد زخمی ہوئے، حکومت ان واقعات کا سدباب کرے۔

دوسری جانب ہڑتال کے باعث دور دراز علاقوں سے آئے مریضوں کو طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔