کوئٹہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا – جام کمال

217
File Photo

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شدت پسند سوچ کے حامل افراد معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کا تدارک ناگزیر ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کوعلاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی فروٹ اور سبزی منڈی میں بم دھماکے میں ہزارہ برادری کے آٹھ افراد سمیت 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

دھماکے کے بعد چاروں طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا۔ امدادی ٹیموں کے مطابق چھ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

ڈی ائی جی کو ئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق جمعے کی صبح جب سبزی اور فروٹ مارکیٹ کے تاجر کاروبار کے لئے پہنچے ہی تھے کہ اسی دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا جس سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس دھماکے میں ہزارہ قبیلے کے علاوہ دیگر لوگ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ اس لیے اس بات کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جاسکے گا کہ اس حملے کا ہدف کون لوگ تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں فرنٹئیرکور بلوچستان کا ایک جوان بھی شامل ہے پولیس حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

دھماکے کی ذمہ دار ی تاحال کسی گروپ یا تنظیم کی طرف سے قبول نہیں کی گئی۔