کوئٹہ : لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج جاری

72
File Photo

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج کو 3551دن مکمل ہوگئے۔ضلع کیچ سے سول سوسائٹی کے ایک وفد نے کیمپ کا دورہ کرکے لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا دنیا کے مختلف اقوام میں مرد و عورتوں نے ظلم و جبر کے خلاف لاپتہ کیئے جانے والے لوگوں کی بازیابی کیلئے جدوجہد کی ہے جوکہ آج تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں اسی طرح بلوچستان میں ریاستی جبر کے شکار ہزاروں بلوچوں کی بازیابی کیلئے وی بی ایم پی اور ان کے ساتھیوں نے قربانیاں دی  ہیں اور دے رہے ہیں اور پاکستان کے سامنے جدوجہد کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ان کی اس تاریخی جدوجہد کو دنیا میں اور بلوچ قومی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

انہوں نے کہا آج لاپتہ افراد کے لواحقین کی آواز پوری دنیا تک پہنچ چکی ہے۔ قومی جدوجہد میں سخت مشکل حالات میں خود کو ثابت قدم رکھنا آسان نہیں لیکن وی بی ایم پی نے دوسرے بلوچ فرزندوں اور بلوچ بہنوں کے ساتھ جدوجہد سے دنیا میں لاپتہ افراد کی آواز کو پھیلایا ، ریاست کے عقوبت خانوں میں ظلم و تشدد برداشت کرنے والے والوں کیلئے وی بی ایم پی ایک روشن ستارے کی مانند ایک علامت ہے۔