پشین: پانی میں ڈوب کر 3 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

1039
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے تحصیل کاریزات میں پانی میں ڈوب کر 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون بے ہوش ہوگئیں ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ضلع پشین کی تحصیل کاریزات کلی ریگی کے رہائشی عبدالمنان کاکڑ اپنی زوجہ اور خاندان کے 3 بچوں کے ہمراہ گھر آرہے تھے کہ راستے میں بارش کے پانی میں ڈوب گئے جس کے نتیجے میں عبدالمنان کاکڑ ، 12 سالہ خوبید خان ولد محمد نسیم ، 11 سالہ ماروان خان ولد عبدالبصیر اور 5 سالہ صفوان خان ولد محمد علی موقع پر جاں بحق جبکہ عبدالمنان کاکڑ کی زوجہ بی بی سائرہ بے ہوش ہوگئیں ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر پشین اورنگ زیب بادینی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر و دیگر موقع پر پہنچے اور خاتون کو کچلاک کے نجی ہسپتال منتقل کردیاگیا جبکہ نعشوں کو ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔

دریں اثنا خانوزئی گوال کے قریب باراتیوں کی ویگن پانی میں پھنس گئی جس میں خواتین و بچے سوار تھے تاہم نقصانات کے حوالے سے تفصیلات آنا باقی ہے۔

واضح رہے کہ بولان کے علاقہ سنی شوران کے قریب ہری سر دیوتا کے مندر پر مذہبی رسومات ادا کرنے کے لئے نصیر آباد ، جعفرآباد صحبت پور اور جیکب آباد سے 170سے زائد ہندو برادری کے افراد سیلابی صورتحال کے باعث پھنس گئے جنہیں ریسکیو کرنے کے لئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔

اس کے علاوہ بولان کے علاقے پیرغیب میں پانی میں9افراد ڈوب گئے جن میں سے آٹھ افراد کو بچا لیا گیا جبکہ ایک شخص نعیم گہرامزئی کی نعش نکال لی گئی ۔