پاکستان کی شرحِ نمو 2 برس تک زوال پذیر رہے گی – عالمی بینک

183

عالمی بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو برسوں کے دوران پاکستان میں اقتصادی ترقی کی شرح میں کمی کا رجحان غالب رہے گا۔

جنوبی ایشیائی ممالک کی معاشی صورت حال کے بارے میں ’’ایکسپورٹس وانٹڈ‘‘ کے نام سے اپنی شش ماہی رپورٹ میں عالمی بینک نے آئندہ تین برسوں کے دوران جنوبی ایشیائی ممالک میں اقتصادی نمو کے بارے میں اپنا تخمینہ پیش کیا ہے جس کی رو سے پاکستان میں اقتصادی ترقی کی شرح 2018 میں گزشتہ گیارہ سال کے دوران اونچی ترین سطح یعنی 5.8 تک پہنچنے کے بعد 2019 اور 2020 میں گراوٹ کا شکار رہے گی۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ 2019 میں اقتصادی ترقی کی یہ شرح کم ہو کر 3.4 فیصد اور 2020 میں مزید کمی کے ساتھ یہ شرح 2.7 فیصد کی سطح پر آ جائے گی۔ تاہم 2021 میں یہ شرح بہتر ہوتے ہوئے 4.0 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ اقتصادی ترقی کی شرح میں گراوٹ ملک میں جاری شدید معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت کی طرف سے سخت معاشی پالیسیاں اپنائے جانے کا نتیجہ ہے۔ پاکستانی حکومت بین الاقوامی مالیاتی ایجنسی (آئی ایم ایف) سے بھی بیل آؤٹ پیکج حاصل کرنے کیلئے مذاکرات کر رہی ہے اور اطلاعات کے مطابق آئی ایم ایف انتہائی سخت شرائط کے ساتھ پیکج دینے پر رضامند ہو جائے گی۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق پاکستانی حکومت نے آئی ایم ایف سے مزاکرات کے آغاز سے قبل ہی اسے مطمئن کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا تھا جس میں بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ، سرکاری اخراجات میں کمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو کم کرنا شامل ہیں۔

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی 2019 میں پاکستانی معیشت میں مزید گراوٹ کا عندیہ دیا تھا۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکومت کی سخت معاشی پالیسیوں کے باعث اشیائے صرف کی طلب کم ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ہی پاکستانی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہونے کی اُمید ہے۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کے باعث رفتہ رفتہ اقتصادی ترقی کی شرح میں بہتری کا امکان ہے۔ یوں توقع ہے کہ اقتصادی ترقی کی شرح 2021 میں بہتری کی طرف گامزن ہو جائے گی۔

جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں اقتصادی ترقی کی شرح نسبتاً بہتر رہنے کا امکان ہے۔ بھارت میں یہ شرح 2018 میں 7.2 فیصد رہی جو سنہ 2019 میں بڑھ کر 7.5 ہو جائے گی۔ یہ شرح 2020 اور 2021 میں بھی برقرار رہے گی جبکہ بنگلہ دیش میں ترقی کی شرح 2018 میں 7.9 فیصد رہی جو اگلے تین برسوں میں قدرے کمی کا شکار رہے گی۔ 2019 میں یہ شرح 7.3، سنہ 2020 میں 7.4 اور اس سے اگلے سال 2021 میں 7.3 فیصد رہے گی۔