پاکستان کا بھارت کی جانب سے خلاء میں تجربے پرشدید تشویش کا اظہار

91

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے خلاء میں کیے جانے والے تجربے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کی جانب سے بیرونی خلاء میں سیارچوں کے خلاف ہتھیاروں کے استعمال کے تجربے کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ماہرین نے بھارتی تجربے سے خلاء میں بکھرے ملبے کو شدید خطرہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کا خلاء میں ہتھیاروں کا استعمال انتہائی تشویش کا باعث ہے اور یہ تجربہ طویل المعیاد دیرپا پرامن خلائی سرگرمیوں کیلئے بھی خطرہ ہے، بھارتی تجربہ کے فوجی پہلوؤں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، بھارتی تجربے سے عالمی وعلاقائی امن، استحکام اور سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان، خلاء کے فوجی مقاصد کیلئے عدم استعمال کا پرزورحامی ہے جب کہ ہم چاہتے ہیں کہ خلاء میں پرامن سرگرمیوں کو کوئی خطرات سے دوچار نہ کرے۔

مزید پڑھیں: بھارت خلائی سُپر لیگ میں شامل ، میزائل سے سیٹلائٹ کو مار گرایا

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی تجربہ سے بنا ملبہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے اوپر پہنچ چکا ہے اور اس ملبے کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے تصادم کا خطرہ ہے جب کہ موثر قانون کی عدم موجودگی میں دیگر ریاستیں بھی ایسی صلاحیت حاصل کر سکتی ہیں،  پاکستان خلائی ٹیکنالوجیز کا سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے استعمال چاہتا ہے اور اس کے لیے ہم خیال ممالک کیساتھ قانونی سقم دور کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

واضح رہے بھارت نے خلا کے زیریں مدار میں گردش کرنے والے ایک سیٹلائٹ کو زمینی میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔