نوشکی: تین روزہ ادبی، سائنسی و ثقافتی فیسٹیول کا آغاز

293

بلوچ معاشرے میں بلوچ خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں گران قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ خصوصاً بلوچی وبراہوئی ادب خواتین کے بغیر نامکمل ہیں،بلوچ خواتین نے مساعد حالات کے باوجود بلوچ ادب میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ہیں – مقررین 

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ نوشکی کے مطابق حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ نوشکی کے زیراہتمام تین روزہ ادبی،سائنسی و ثقافتی فیسٹیول نوشکی 2019 کا باقاعدہ آغاز شہید بالاچ مری فٹ بال اسٹیڈیم نوشکی میں ہوگیا، پہلے روز کا خواتین سیشن بیاد گودی گوہرملک کا افتتاح پروفیسر طاہرہ احساس جتک نے کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق بلوچ،اسٹنٹ کمشنرسوبان دشتی،و دیگر موجودتھے، فیسٹیول میں مختلف سکولز، کالج اور ایس بی کے ویمن یونیورسٹی کی جانب سے ثقافتی ادبی اور سائنسی سمیت کتابی اسٹال لگائے گئے تھے، اس موقع پر بلوچ ثقافتی ٹیبلو، رقص اور بلوچی ڈھول چاپ کے تقریبات منعقد ہوئے۔ خواتین کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تقاریب منعقد ہوئے جس میں خواتین طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پروفیسر طاہرہ احساس جتک، پروفیسر سعیدہ مینگل، اسٹنٹ کمشنر سوبان سلیم دشتی، ڈی ای او جمیل احمد مینگل، ڈی ڈی ای او کوثر پروین مینگل، میڈم آمینہ مینگل، زیب النسا، ماہ زیب، خیر جان مینگل،فضیلہ یوسف و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچ معاشرے میں بلوچ خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں گران قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ خصوصاً بلوچی وبراہوئی ادب خواتین کے بغیر نامکمل ہیں،بلوچ خواتین نے مساعد حالات کے باوجود بلوچ ادب میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ہیں، گودی گوہر ملک ودیگر سینکڑوں خواتین ادیب شاعرہ اور لکھاری اس کی زندہ مثالیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچ خواتین میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، بلوچ ادب کے ساتھ ساتھ بلوچ ثقافت کو اجاگر کرنے میں خواتین نے اپنا کلیدی کردار ادا کیاہے۔

مقررین نے کہاکہ مواقع نہ ملنے کی وجہ سے ہماری خواتین اپنے صلاحیتوں کا بہتر انداز میں اظہار نہیں کرسکی ہیں، تاہم ہمارے خواتین کو اب آگے آنا پڑے گا تاکہ وہ بلوچی وبراہوئی ادب میں مزید گراں قدر خدمات سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ادب کلچر اور مطالعہ میں مزید دلچسپی لیں۔

مقررین نے مزید کہاکہ بلوچ خواتین کو بلوچ معاشرے میں عزت و عظمت کا اعلیٰ مقام حاصل ہیں، بلوچ خواتین کو یہ اعلیٰ مقام بلوچی روایات اور ثقافت کی وجہ سے حاصل ہیں بلوچ معاشرہ خواتین کو بہت ہی اہمیت وقار اور عزت دیتی ہیں، ہمیں اپنی روایات ،شاندار ثقافت کو اجاگر اور اہمیت دینی ہوگی۔

مقررین نے کہاکہ نوشکی میں ملکی سطح کا علمی،ادبی،سائنسی و ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند عمل ہیں اس سے ہمارے نوجوانوں، خواتین اور طلبا ء و طالبات کو اپنے صلاحیتوں کے اظہاراور صلاحیتوں کودکھانے کا موقع ملنے کے ساتھ ساتھ ان کی علمی استعداد میں مزیداضافہ ہوگا، علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نوشکی عبدالرزاق بلوچ، اسٹنٹ کمشنر سوبان دشتیو دیگر نے لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اٹارنی چوہدری گرداری لال نے کتابوں کے اسٹالز کا افتتاح بھی کیا۔