ملازمہ کی بیٹی سے زیادتی ، اکبر بگٹی کے پوتی کی ڈرائیور پر فائرنگ

471

گھریلو ملازمہ کی بیٹی سے زیادتی کے الزام میں نواب اکبر بگٹی کی پوتی نے ڈرائیور پر فائرنگ کر دی فائرنگ کے نتیجے میں 20 سالہ ڈارئیور محمد عرفان زخمی ہوا۔

کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کی پوتی نے گھریلو ملازمہ کی بیٹی سے زیادتی کے الزام میں اپنے ہی ڈرائیور پر فائرنگ کر دی۔ خاتون کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں 20 سالہ ڈرائیور محمد عرفان زخمی ہو گیا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈرائیور محمد عرفان نے مبینہ طور پر دو روز قبل گھریلو ملازمہ کی بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

جس پر گھریلو ملازمہ نے اپنی بیٹی کی اس دردناک کہانی کو نواب اکبر بگٹی کی پوتی اور گھر کے سربراہ کے سامنے بیان کر دیا اور انصاف کی اپیل کی۔ ایس ایچ او خان محمد بھٹی کا کہنا تھا کہ ملازمہ کی بات سننے کے بعد خاتون نے ڈرائیور کو طلب کیا جس نے ملازمہ کے الزام کو جھوٹ قرار دے دیا۔

ڈرائیور کی وضاحت پر نواب اکبر بگٹی کی پوتی مطمئن نہ ہوئیں تو انہوں نے پستول نکالی اور ڈرائیور کو پستول سے ڈرانے کے دوران ہی گولی چل گئی جس سے 20 سالہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

زخمی ہونے پر ڈرائیور کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، اسپتال انتظامیہ کے مطابق محمد عرفان کے دائیں ران پر گولی لگی ، تاہم اب ڈرائیور کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

ایس ایچ او خان محمد بھٹی کے مطابق بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کی پوتی کی گھریلو ملازمہ کو زخمی ڈرائیور کے خلاف جنسی زیادتی کی ایف آئی آر درج کروانے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اس معاملے میں زخمی شخص کا بیان بھی قلمبند کیا جائےگا جس کے بعد اصل مجرم کا تعین ہو گا اور مجرم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں کم سن بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس پر عوام بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔