لورالائی: دہشت گردی کے پیش نظر27 افراد کے خلاف مقدمات درج

94

گذشتہ کچھ عرصے سے لورالائی میں فورسز پر تواتر کے ساتھ حملے ہورہے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک ملنے والی اطلاعات کے مطابق دہشت گردی کے پیش نظربلوچستان کے ضلع لورالائی میں مالک مکان اور کرایہ داروں کو دستاویزی ثبوت نہ رکھنے پر 27 افراد کے خلاف صدر تھانہ لورالائی میں مقدمات درج کر لیئے گئے ۔

لورالائی پولیس کے ایس ایچ او میر سند نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تمام مالکان کرایہ داروں سے مکمل دستاویزات کے بغیر مکانات وغیرہ کرایہ پر نہ دیں اگر کسی نے بغیر دستاویزات کے مکانات کرائے پر دئیے تو ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے خلاف مقدمات درج کیئے جائیں گے۔

یاد رہے گذشتہ کچھ عرصے سے لورالائی میں فورسز پر تواتر کے ساتھ حملے ہورہے ہیں۔ جس میں گذشتہ مہینے چھاؤنی پر حملہ قابل ذکر ہے جس میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فورسز کے چار اہلکار ہلاک ہوئے تھے  جبکہ اس سے قبل لورالائی کے علاقے مہاجر اڈہ کے مقام پر مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایدھی انچارج بازمحمد عادل جانبحق ہوگئے تھے اور گذشتہ دنوں ایک حملے میں لیویز فورس کے چھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اسی طرح ایک ہفتے قبل خفیہ اطلاع پر لورالائی کے علاقے ناصر آباد میں فورسز نے ایک مکان پر چھاپہ مارا تھا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا بعد میں مکان میں موجود 4 جنگجوؤں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔