سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 2 گرفتار ہوگئے۔
سعودی پریس ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں پریزیڈنسی آف اسٹیٹ سیکیورٹی کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ ابو حدریہ کے مقام پر مشرقی صوبے کو بحرین اور کویت سے ملانے والی ہائی وے پر دہشت گردوں کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔
#رئاسة_أمن_الدولة: مقتل اثنين من المطلوبين أمنياً والقبض على اثنين آخرين في عملية استباقية بمحافظة #القطيف بالمنطقة الشرقية. pic.twitter.com/X5r0MZbuG5
— واس (@spagov) April 8, 2019
مشرقی صوبے کی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں صدارتی اہلکاروں کو ابو حدریہ کے مقام پر ایس یو وی گاڑی میں 4 دہشت گرد نظر آئے۔
سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کا جب راستہ روکا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا تو انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں اہلکاروں نے بھی ان پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
گاڑی کو نقصان پہنچنے پر دہشت گرد قریبی گیس اسٹیشن کی طرف بھاگے اور وہاں دستی بم حملہ کیا، اس حملے کا مقصد ان کا اپنی طرف سے توجہ ہٹانا تھا تاکہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے چنگل سے فرار ہوسکیں۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے دہشت گردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا جس کے لیے انہوں نے ٹینکر ٹرک اسلحہ کے زور پر چھینا تھا۔
سیکیورٹی اہلکار ایک دیگر گیس اسٹیشن سے 2 کلومیٹر کے فاصلے پر ٹینکر ٹرک کو نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔
آپریشن کے دوران 2 مطلوب افراد ماجد علی عبدالرحیم الفرج اور محمود احمد علی الزرع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 2 گرفتار افراد کا نام سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے سامنے نہیں لایا گیا۔
ترجمان کے مطابق ’2 افراد کو تحقیقات کے لیے گرفتار کرلیا گیا ہے، جن کی شناخت فی الحال سامنے نہیں لائی جائے گی‘۔
ثالثًا: ضُبط بداخل السيارة التي كان يستقلها الإرهابيون، ما يلي:
1 – عدد (1) سلاح رشاش.
2 – عدد (2) مسدس من نوع جلوك.
3 – عدد (7) مخازن رشاش.
4 – عدد (1) مخزن مسدس جلوك. pic.twitter.com/7ja6F0AgNZ— واس (@spagov) April 8, 2019
ان کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گرد اس سے قبل القطیف کے علاقے میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب تھے۔
واقعے کے دوران ایک بحرینی خاتون اور ایک پاکستان شہری سمیت دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ملزمان کی گاڑی سے 8 مشین گن، 2 پستول، 2 بڑے بم، ایک آڈیو بم، ایک جعلی بحرینی شناختی کارڈ، 66 ہزار 178 ریال، 126 مشین گن کی گولیاں، 15 پستول کے راؤنڈ بر آمد ہوئے۔
اسٹیٹ سیکیورٹی پریزیڈنسی کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو روکنے اور ان کی غیر ملکی ایجنڈا کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔