خضدار: ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد جانبحق، 10زخمی

106
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں متعدد افراد جانبحق ہوچکے ہیں۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانیوالی مسافر کوچ اور گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طورپر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خستہ حال اور تنگ سڑکوں کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کی لاپرواہی کی وجہ سے بھی آئے روز ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں ۔

گذشتہ دنوں ضلع مستونگ میں بارش کے باعث پھسلن سے کراچی سے کوئٹہ جانے والی ویگن ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔ اندوہناک حادثے میں چار بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ پندرہ زخمی ہوئے تھے جبکہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔