دونوں واقعات میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے صنعتی شہر حب اور ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حب میں گذشتہ رات پیرکس روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے طاہر ولد بلوچ خان اور شہر یار ولد باز خان زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں جام غلام قادر ہسپتال میں طبعی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔
ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا زخمیوں میں شامل طاہر ولد بلوچ خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج ہلاک ہوگیا۔ ایدھی ذرائع کے مطابق نعش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
دریں اثناء سٹی تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کے حدود ڈومکی محلہ میں نامعلوم مسلح افراد نے سبی کے علاقے شارک کے رہائشی 60 سالہ حفیظ اللہ شیخ نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرارہوگئے۔
مقتول اپنے بیٹے کے قتل کی پیشی پر ڈیرہ مراد جمالی عدالت آیا تھا کہ نامعلوم افراد نے قتل کردیا ۔ واقعے کے وجوہات پرانی دشمنی بتائی جارہی ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ضروری کاروائی کے بعد نعش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا جبکہ آخری اطلاعات تک ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔
یاد رہے بلوچستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تشدد کے مختلف واقعات میں اب تک آٹھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوچکے ہیں، واقعات چمن، ڈیرہ بگٹی ہرنائی، ماشکیل، خضدار، ڈیرہ مراد جمالی اور حب میں پیش آئے جن میں خضدار اور ڈیرہ بگٹی سے برآمد ہونے تشدد زدہ لاشیں بھی شامل ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تاحال کسی بھی واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔