دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں زور دار ھماکے میں دس افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
جعفر آباد کے ضلعی ہیڈکوارٹر ڈیرہ اللہ یار کے مرکزی بازار میں صحبت پور چوک کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے موٹرسائیکل میں نصب کیئے جانے والے بم کے دھماکے میں دس افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈیرہ اللہ یار کے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہیں۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ مبینہ طور پر ریموٹ کنڑرول سے کیا گیا تھا ۔
خیال رہے بلوچستان میں آج ہونے والا یہ دوسرا دھماکہ ہے اس سے قبل بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے میر حسن کے قریب اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول دھماکے سے اُڑانے کی کوشش کی گئی تھی۔
دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ملازمین محفوظ رہے تاہم گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور فورسز پر حملوں میں تیزی آئی ہے اور ان حملوں کی ذمہ داری مختلف مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں، تاہم ڈیرہ اللہ یا ر میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری کسی بھی مسلح تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔